75

سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل ترجیح ہے‘مراد سعید

اسلام آباد۔وزیر مملکت مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ من پسند لوگوں کو کوئی ٹھیکہ نہیں دیا جائے گا، کرپشن کے کلچر کو ختم کرنے کیلئے ای بلنگ کی طرف جائیں گے، پرانے منصوبوں میں سے چھ منصوبوں کو تھرڈ پارٹی آڈٹ کیلئے پیش کررہے ہیں،کاغان ناران میں دو ریسٹ ہاؤس کو سیاحت کے لئے استعمال کرینگے، مختلف منصوبوں کی معلومات کے لئے موبائل ایپلی کیشن بنائی جائے گی۔

عوام مختلف منصوبوں کی تازہ ترین صورتحال معلوم کرسکیں گے، سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو قائم کرنا ترجیح ہے ۔وہ اتوار کو پریس کانفرنس کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ من پسند لوگوں کو کوئی ٹھیکہ نہیں دیا جائے گا۔ کرپشن کے کلچر کو ختم کرنے کیلئے ای بلنگ کی طرف جائیں گے۔ بڑے منصوبوں کو لا کر پیسہ بنایا جاتا ہے ۔

نچلی سطح پر کرپشن کو ختم کرنا ہوگا۔ ای ٹینڈرنگ‘ ای بلنگ اور ای بڈنگ سے جلد بڑی تبدیلی نظر آئے گی۔ پرانے منصوبوں میں سے چھ منصوبوں کو تھرڈ پارٹی آڈٹ کیلئے پیش کررہے ہیں۔ 34مزید منصوبوں کی بھی چھان بین کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کی 42لگژری سمیت 177گاڑیاں ہیں۔ ان گاڑیوں کو بھی نیلام کیا جائے گا۔ ان کی دیکھ بھال پر تین کروڑ لگ جاتے ہیں۔ کاغان ناران میں دو ریسٹ ہاؤس کو سیاحت کے لئے استعمال کرینگے۔ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

پرانی عمارتوں کو تجارتی مقاصد کیلئے استعمال کرکے منافع بخش بنائیں گے موٹر ویز اور ہائی ویز گرین پاکستان کے تحت درخت لگائے جائینگے۔ مراد سعید نے کہا کہ مختلف منصوبوں کی معلومات کے لئے موبائل ایپلی کیشن بنائی جائے گی عوام مختلف منصوبوں کی تازہ ترین صورتحال معلوم کرسکیں گے۔ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو قائم کرنا ترجیح ہے۔