54

پروٹوکول کیخلاف شہری کا احتجاج: صدر مملکت نے مقدمے کو مضحکہ خیر قرار دے دیا

کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پروٹوکول کے خلاف احتجاج کرنے والے شہری پر پولیس کی جانب سے دائر مقدمے کو مضحکہ خیر قرار دے دیا۔

گزشتہ رات صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پروٹوکول توڑنے، کار سرکار میں مداخلت اور شہریوں کو غلط کام پر اکسانے والے ایک شہری کے خلاف شارع فیصل تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق صدر مملکت عارف علوی کے قافلے کو گزارنے کے لئے گزشتہ رات 9 بجے شارع فیصل پر کار ساز کے قریب ٹریفک بند کی گئی تھی اس دوران نامعلوم شخص روکی گئی ٹریفک میں اپنی گاڑی کھڑی کر کے سب سے آگے نکل آیا اور ٹریفک روکنے والے پولیس اہلکاروں سے الجھ پڑا تھا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی اب اس معاملے پر سامنے آگئے ہیں اور انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے پروٹوکول پر احتجاج کرنے والے شہری کے خلاف مقدمہ مضحکہ خیز ہے اور جب عوام کو مشکلات ہوں گی تو ایسا ہی رد عمل کا مظاہرہ کریں گے۔ 

یاد رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پہلے ہی پروٹوکول نہ لینے کا اعلان کیا تھا لیکن صدر مملکت کا حلف اٹھانے کے بعد پہلی بار کراچی آمد کے موقع پر ان کے پروٹوکول کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جس پر انہوں نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔