62

ملک بھر میں 9 محرم کے جلوس، موبائل فون سروس معطل

ملک بھر میں مجالس عزا کے ساتھ 9 محرم الحرام کے جلوس برآمد ہو رہے ہیں اور عزا دار نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کرتے ہوئے اپنی منزلوں کی طرف رواں دواں ہیں۔

کراچی کے نشتر پارک میں مجلس عزا کے بعد علم و ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوگا جو نمائش، صدر، تبت سینٹر اور ایم اے جناح روڈ سے گزر کر امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہو گا۔

لاہور میں مرکزی جلوس عزا امام بارگاہ پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہو کر خیمہ سادات کی طرف رواں ہے، غم خواران سیدالشہدا سیدہ فاطمہ زہرا کو ان کے لعل کا پرسہ دیتے ہوئے منزل کی طرف گامزن ہیں۔

پشاور میں امام بارگاہ حسینیہ ہال پشاور صدر سے برآمد ہونے والا جلوس صدر روڈ، کالا باڑی، فوارہ چوک اور دیگر روایتی راستوں پر رواں دواں ہے، جلوس کے شرکا فوارہ چوک پر نماز ظہرین ادا کریں گے۔ دوسرا جلوس سہ پہر 3 بجے امام بارگاہ بی بی صاحبہ محلہ بی بی زکری سے شروع ہو کر رات کو اسی مقام پر اختتام پذیر ہو گا۔

اسلام آباد میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس سیکٹر جی سکس میں امام بارگاہ اثنٰا عشری سے نماز ظہر کے بعد برآمد ہوگا۔

کوئٹہ میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ناصر العزاء سے برآمد ہوگا، جس میں عزادار شہدائے کربلا کی قربانی کی یاد تازہ کریں گے۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تمام شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

سیکیورٹی کے پیش نظر کراچی، حیدر آباد، سانگھڑ، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، فیصل آباد اور ملتان سمیت کئی شہروں میں موبائل فون سروس کہیں جزوی اور کہیں مکمل طور پر معطل ہے۔