83

محرم الحرام ‘ جلوسوں کی سکیورٹی سخت‘ فون سروس بند

کراچی/لاہور/پشاور ۔ملک بھر میں آٹھ محرم الحرام کے جلوسوں کے باعث سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔ کراچی میں مرکزی جلوس کے سلسلے میں ایم اے جناح روڈ کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔کراچی میں آٹھ محرم الحرام کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشترپارک سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیان ایرانیاں کھارادر پراختتام پزیر ہوا۔

جلوس کی گزرگاہ پر سبیلیں قائم،،عزاداروں میں شربت اور لنگر تقسیم کیا گیا۔جلوس کے سلسلے میں ایم اے جناح روڈ کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔کراچی میں مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پانچ ہزار پانچ سو سے زائد اہلکارتعینات کئے گئے تھے ۔ جلوس کے راستوں پرتمام دکانوں، مارکیٹوں کے شٹراورگیٹ سیل کردیئے گئے جب کہ جلوس کے راستے میں تمام گلیاں ٹینکرزاورٹرکوں سے بند کردیئے گئے ہیں۔

جلوس میں بغیرپاس والی گاڑیوں کوجانیکی اجازت نہیں دی گئی ہے۔کراچی کے بعض علاقوں میں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔ادھر سندھ کے دیگر شہروں حیدر آباد، سکھر، شہید بے نظیر آباد، خیرپور، لاڑکانہ، شکار پور اور جیکب آباد میں بھی آٹھ محرم الحرام کے جلوس کے باعث موبائل فون سروس بند رہے گی۔اس سے قبل سندھ حکومت نے کراچی میں آٹھ ، نو اور دس محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا ہے ۔

نوٹیفیکیشن کے تحت شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی تین دن کے لیے عائد کی گئی ہے تاہم بچے، خواتین، بزرگ، معذور، صحافی اور اہلکار ڈبل سواری کی پابندی سے مستثنٰی ہوں گے۔ملک کے دیگر شہریوں کی طرح پشاور میں بھی آٹھویں محرم الحرام کے ذوالجناح کا مرکزی جلو س امام بارگاہ سید نجف علی شاہ کوچی بازارسے تین بجے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس ایسی امام بارگاہ پر اختتام پزیر ہوگا۔

شہر کے دوسری امام بارگاہوں سے بھی چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہونگے۔جلوسوں کی گزر گاہوں پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں ،سخت چیکنگ کے بعد عزاداروں اور دیگر شہریوں کو اندرون شہر داخل ہو نے کی اجازت دی جارہی ہے۔امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کیلئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے مجالس و جلوسوں کے آگے اور پیچھے سیکیورٹی کیلئے پولیس کے دستے تعینات رہیں گے جلوسوں کے گزر گاہوں میں واقع سکولوں کو بند رکھا گیا ہے۔ضلع بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد ہے۔