65

مشترکہ مفادات کونسل کا پہلا اجلاس طلب

اسلام آباد۔ وزیر اعظم عمران خان نے مشترکہ مفادات کونسل کا پہلا اجلاس 24 ستمبر کو طلب کرلیا، اجلاس میں 7 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے طلب کیا جانے والا اجلاس دن ساڑھے 11 بجے وزیر اعظم آفس میں ہوگا۔ 

اجلاس میں 7 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔اجلاس میں قومی صفائی مہم شروع کرنے کی سمری اور ریگولیٹری فنکشنز کے اسٹریم لائن کے لیے ٹاسک فورس کی سمری منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔

پی ایس کیو سی اے، فوڈ اتھارٹیز میں معیار کو ہم آہنگ کرنے کا معاملہ زیر غور آئے گا جبکہ ایل این جی کی درآمد کی سمری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔اجلاس میں پیٹرولیم ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن پالیسی 2012 پر بھی غور کیا جائے گا، 18 ویں ترمیم کے بعد ورکرز ویلفیئرز فنڈ، ای او بی آئی سے متعلق امور پر غور جبکہ سی سی آئی کے اجلاسوں کے فیصلوں اور ان پر عمل کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

اجلاس کے ایجنڈے میں کسی صوبے کی سمری شامل نہیں کی گئی، اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلی شرکت کریں گے جبکہ اجلاس کے ممبران سمیت دیگر متعلقہ حکام شرکت کریں گے۔