103

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر آج مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف حریت کانفرنس کی اپیل پر مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے، مقبوضہ وادی کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات میں مارکیٹیں اور بازار مکمل طور پر بند ہیں جب کہ سڑکوں پر ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

بھارتی فورسز نے احتجاج کے خطرے کے پیش نظر سری نگر، شوپیاں، بڈگام، پلوامہ، اننت ناگ اور کلگام میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے جب کہ وادی کے کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں صرف گزشتہ ہفتے 17 شہریوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔