41

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہورہا ہے

 

اسلام آباد۔ پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوان کا مشترکہ اجلاس آج ( پیر کو ) شام چار بجے ہو گا جس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے ۔ اجلاس کی صدارت سپیکر اسد قیصر کریں گے ۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی بھی صدر اور اسپیکر کے ہمراہ ڈائس پر ہوں گے ۔پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس بھی آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوں گے ۔

اپوزیشن کی بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) نے اس انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کر رکھا ہے ۔ طے شدہ پروگرام کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی مسلم لیگ(ن)اس مطالبے پر احتجاج کرے گی۔ چاروں صوبوں کے گورنرز ، وزرائے اعلٰی ، مسلح افواج کے سربراہوں اور غیر ملکی سفارتکاروں سمیت اعلٰی شخصیات کو دعوت نامے جاری کر دیئے گئے ہیں ۔

کارڈ کے بغیر داخلہ ممنوع ہو گا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اور سینٹ کے عمومی اجلاس منگل سے شروع ہو جائیں گے جس میں قومی بجٹ پر نظرثانی کے لئے نیا فنانس بل پیش ہو گا ۔