154

ایٹاٹیسٹ کے مقام پر موبائل جیمرز نصب کرنیکا حکم

پشاور۔پشاورہائی کورٹ نے خیبرپختونخواکے میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے ہونے والے ایٹاٹیسٹ کے پرچے آؤٹ ہونے کے اقدام کو روکنے کے لئے ٹیسٹ کے مقام پرموبائل جیمرزنصب کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں جبکہ ایٹاحکام کو متنبہ کیاہے کہ اگراس مرتبہ ٹیسٹ میں بے قاعدگی ہوئی تو معاملہ نیب کے حوالے کیاجائے گا ۔

عدالت عالیہ کے جسٹس قیصررشید اور جسٹس قلندرعلی خان پرمشتمل دورکنی بنچ نے یہ احکامات گذشتہ روز ایٹاٹیسٹ کے پرچے آؤٹ ہونے کے حوالے سے لئے جانے والے نوٹس پرکارروائی کے دوران جاری کئے اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل نیب ٗ انسپکٹرجنرل پولیس خیبرپختونخوا اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایٹا عدالت میں پیش ہوئے جسٹس قیصررشید نے اپنے ریمارکس میں کہاکہ ایٹاٹیسٹ کے لئے طلباء ٹیوش اورکوچنگ کلاسز لیتے ہیں اوراس مقصد کے لئے بڑی بڑی فیسیں ادا کی جاتی ہیں لیکن ٹیسٹ کادن آتاہے تو پرچہ آؤٹ ہوجاتاہے۔

آخریہ سلسلہ کب ختم ہوگاپھرچھوٹے ملزموں کو گرفتارکرکے بڑے مگرمچھوں پرہاتھ نہیں ڈالاجاتاہے اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے عدالت کو بتایاکہ ٹیسٹ کے روز طلباء موبائل فونز لے کرآتے ہیں جس کے باعث پرچہ آؤٹ ہوتا ہے لہذاجیمرزفراہم کئے جائیں جس پرفاضل بنچ نے آئی جی پی کو ہدایات فراہم کیں کہ ایٹاٹیسٹ کے دن جیمرزفراہم کئے جائیں انہوں نے ایٹاحکام کو متنبہ کیاکہ ایٹاٹیسٹ میں اس باربے قاعدگی ہوئی تو پھرنیب کوانکوائری کاحکم دیں گے فاضل بنچ نے بعدازاں سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی ۔