40

شیخ رشید کا بھیس بدل کر ٹرینوں کو چیک کرنیکا اعلان

راولپنڈی۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھیس بدل کر بھی ٹرینوں کو چیک کروں گا‘ 20روز میں دو ٹرینیں تیار کی گئی ہیں جن مزدوروں نے دن رات کام کیا انہیں پانچ‘ پانچ ہزار انعام دیں گے‘ کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہوگی‘ ایک سال کے اندر ریلوے کو خسارے سے نکالیں گے۔ 

جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ بہت سی ٹرینیں پرانی ہوچکی ہیں اپ گریڈ کررہے ہیں جن مزدوروں نے دن رات کام کیا انہیں پانچ پانچ ہزار انعام دیں گے۔ بیس روز میں دو ٹرینیں تیار کی گئی ہیں۔ بھیس بدل کر بھی ٹرینوں کو چیک کروں گا۔ سب سے بڑا ٹاسک خسارے کو ختم کرنا ہے ایک سال کے اندر ریلوے کو خسارے سے نکالیں گے۔ 

ہمارے پاس وسائل نہیں پھر بھی کام کریں گے۔ ہمارا مقصد صرف منافع کمانا نہیں کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہوگی۔ سارے پسماندہ علاقوں میں پاکستان ریلوے پہنچے گی۔ جب تک میں وزیر ہوں کسی غریب سے اس کی زمین نہیں چھینی جائے گی۔ بڑے بڑے بلڈرز نے محکمہ ریلو کی زمین پر قبضہ کرلیا ہے۔ موہنجو داڑو تک ٹرین لے کر جائیں گے۔ 

وزیراعظم سے ملاقات میں اپنی سفارشات پیش کرینگے محکمہ ریلوے کی زمین واگزار کرانے کے لئے آرڈیننس جاری کرنے کی تجویز دوں گا۔ ریلوے چالیس سے بیالیس ارب روپے کے خسارے میں ہے جلد نکالیں گے۔ سی پیک میں ریلوے کو ریڑھ ہی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔