65

ڈیم کے مخالفین کو آخری وارننگ دے رہے ہیں ‘ چیف جسٹس

اسلام آباد۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ڈھڈوچا ڈیم سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ڈیمز کی تعمیر پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہم ڈیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے‘ ایک سیاستدان نے کہاسپریم کورٹ کوسیاسی پارٹی بنالینی چاہئے‘مخالفت کرنے والے کسی اورکے ایجنڈے پرکام کررہے ہیں اوریہ وہ ایجنڈا ہے کہ پاکستان میں ڈیم نہ بنے‘جو عدالت کو بدنام کریں گے انھیں ایسے نہیں جانے دیں گے‘ہر صورت میں ڈیم بنائیں گے۔ بدھ کو سپریم کورٹ میں ڈھوڈچہ ڈیم سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

ڈیم کی تعمیر سے متعلق چیف جسٹس ثاقب نثار کے اقدام پر تنقید کرنے والوں کو چیف جسٹس نے جواب دیتے ہوئے کہا ایک سیاستدان نے کہا کہ سپریم کورٹ کو سیاسی پارٹی بنا لینی چاہئے۔ یہ کسی کو کہنے کی ضرورت نہیں یہ بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے جو مخالفت کررہے ہیں وہ کسی اور کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔

یہ وہ ایجنڈا ہے کہ پاکستان میں ڈیم نہ بنے ہم ڈیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ بے شک کوئی کتنا بڑا سیاستدان یا اپوزیشن لیڈر ہی کیوں نہ ہو ہم ڈیم نہ بننے کے ایجنڈے کو پورا نہیں ہونے دیں گے اور ڈیم ہر صورت بنائیں گے۔ آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لئے ڈیم بنا رہے ہیں۔