42

نواز شریف، مریم اور صفدر کی پیرول پر رہائی میں توسیع

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی پیرول پر رہائی میں 3 روز کی توسیع کردی گئی ہے۔

حکومت پنجاب نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی پیرول پر رہائی میں تین روز کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ بیگم کلثوم نواز کی تجہیز و تدفین میں شرکت کے لیے رات گئے تینوں افراد کو اڈیالہ جیل سے 12 گھنٹے کے لیے پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے آج پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی سمری وزیراعلی آفس کو ارسال کی جس کی منظوری دے دی گئی ہے۔

گزشتہ روز صدر (ن) لیگ شہباز شریف نے  نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو  5 روز کے لیے پیرول پر رہا کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ میت لندن سے واپس لانے اور تدفین میں کم از کم 3 دن لگیں گے تاہم پنجاب حکومت نے ابتدائی طور پر تینوں افراد کو 12 گھنٹے کے لیے رہائی کی اجازت دی تھی جس میں اب مزید 3 روز کی توسیع کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے جاتی امرا کے تین کمروں کو سب جیل قرار دے دیا ہے جس کی وجہ سے تینوں افراد اپنے اپنے کمروں میں محدود رہنے اور جیل قوائد کے پابند ہیں۔ تینوں کو ایک دوسرے کے کمرے میں جانے کے لیے بھی جیل حکام کی اجازت درکار ہے۔ نواز شریف اور اہل خانہ کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے جاتی امرا کی سیکیورٹی پر بھاری نفری تعینات ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا کینسر کے باعث لندن کے اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔ ان کی نمازِجنازہ جمعرات کو لندن میں ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کی جائے گی۔