69

ایل این جی معاہدے کی تمام تفصیلات طلب

اسلام آباد۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں قطر کیساتھ لیکیوفائڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کی خریداری سے متعلق معاہدے کی تمام تفصیلات فوری طلب کرلیں۔ منگل کو چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ایل این جی معاہدے کے خلاف شہری کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ 

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ مہنگے داموں ایل این جی درآمد کا معاہدہ کیا گیا جس سے ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان ہورہا ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا نیب کا کوئی نمائندہ عدالت میں موجود ہے جس پر عدالت کو نفی میں جواب ملا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ نیب کا کوئی نمائندہ یہاں موجود ہونا چاہیے۔عدالت نے نیب سے کیس کی انکوائری کی تفصیلات فوری طلب کرلیں ۔