74

حضرت عمر فاروقؓ کا یوم شہادت آج عقیدت سے منایا جا رہا ہے

اسلا م آ با د۔خلیفہ دوئم ،سیّدناحضرت عمر فاروقؓ کا یوم شہادت یکم محرم الحرام 12ستمبر بدھ کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گااس مناسبت سے ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کی مرکزی مساجد،درگاہوں ،خانقاہوں پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا ، مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز،مذاکرے۔

کانفرنسز منعقد کی جائیں گی اس موقع پر ممتاز علماء کرام و مقررین خطاب کرتے ہوئے حضرت عمر فاروقؓ کی حیات مبارکہ اور آپؓ کی جانب سے دین اسلام کی سربلندی کیلئے پیش کی گئی عظیم خدمات اور قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے ۔یوم شہادت کے موقع پر اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے جبکہ الیکٹرانک میڈیا سے خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے ۔

حضرت عمر فاروقؓ ،حضرت ابوبکر صدیقؓ کے بعد مسلمانوں کے دوسرے خلیفہ تھے جن کے عہد خلافت میں اسلامی مملکت 28لاکھ مربع میل تک وسیع ہو چکی تھی ۔حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے دور خلافت میں مصر، ایران، روم اور شام جیسے بڑے ملک فتح کیے۔ 1 ہزار 36 شہر فتح کیے۔ مفتوحہ جگہ پر فوراً مسجد تعمیر کی جاتی۔ آپؓکے زمانہ میں 4 ہزار مساجد عام نمازوں اور 9 سو مساجد نماز جمعہ کیلئے بنیں۔

قبلہ اول بیت المقدس بھی آپؓ ہی کے دور میں لڑائی کے بغیر فتح ہوا۔ 26 ذی الحجہ 23ھجری کو آپؓ مسجد نبوی میں نماز فجر پڑھانے کے لئے کھڑے ہوئے تو ایک آتش پرست غلام ابو لولوہ نے جو پہلے ہی سے آپؓ کے قتل کا ارادہ رکھتا تھا۔ آپؓ پر سخت وار کیاجس سے آپ بْری طرح زخمی ہو گئے اور تین دن کے بعد دس سال چھ ماہ اور چار دن مسلمانوں کی خلافت کے امور انجام دینے کے بعد جامِ شہادت نوش کیا۔

آپؓکی تدفین مسجد نبوی میں حضور اکرم کی قبر مبارک کے ساتھ کی گئی۔آپؓ کا نام نامی عمر جبکہ فاروق لقب تھا آپؓ کا نسب نو واسطوں سے حضور نبی کریم ﷺ سے ملتا ہے۔