103

سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے کا فیصلہ

بیجنگ۔چین اور پاکستان نے سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے کا فیصلہ کرلیا۔دونوں ممالک نے سی پیک منصوبے پر کام تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ کے مطابق وزیرخارجہ وانگ ژی نے دورہ پاکستان کے دوران سی پیک کو مغربی سرحدوں تک توسیع دینے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ مزید افراد اس سے مستفید ہوسکیں۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت 22 منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے جن میں سے9 منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچ چکے ہیں اور13پر کام جاری ہے۔چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) منصوبہ تیزی سے مکمل ہو رہا ہے،منصوبہ کی تکمیل سے پاک چین دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔سی پیک کی تکمیل سے باہمی تعاون کی نئی راہیں کھلنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی دہائیوں پرانی دوستی صدیوں تک بڑھتی رہے گی۔

تین مراحل پر مشتمل سی پیک منصوبہ کی لاگت62 ارب ڈالر ہے،یہ منصوبہ پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کو جدید ترین بنانے کے ساتھ ساتھ معیشت کے استحکام میں معاون ثابت ہوگا۔