64

100 روزہ پلان کے وعدے پر مکمل عملدر آمد کیا جائیگا،اسد قیصر

صوابی۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے واضح کر دیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اپنی تقریر میں قوم سے سو روزہ پلان کا جو وعدہ کیا تھا اس پر مکمل عملدر آمد کیا جائیگا مرکز اور چاروں صوبوں میں عوام جلد تبدیلی محسوس کرینگے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے گاؤں موضع مرغز میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام ایک بڑے ورکرز کنونشن اور بعد ازاں صوابی الیکٹرانک میڈیا ایسو سی ایشن کے ساتھ خصوصی گفتگوکر تے ہوئے کیا ۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپوزیشن کا احترام کر تی ہے اس لئے ہم پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں اپوزیشن کی ہر بات سن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے دھاندلی کا جو الزام لگایا ہے ان کے اس مطالبے پر وزیر اعظم عمران خان خود پارلیمانی کمیشن کا اعلان کرینگے جو دھاندلی کے حوالے سے اپوزیشن کے تحفظات دور کر کے تحقیقات کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک زون کے منصوبے کے تحت رشکئی کے مقام پر ایک بڑا اکنامک زون قائم کیا جارہا ہے اور اس کی مکمل یقین دہانی گذشتہ روز چینی وزیر خارجہ نے میرے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کرائی ہے۔

ہم نے ان پر واضح کیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا دہشت گردی کے جنگ سے بہت متاثر ہو چکا ہے یہاں کا سارا انفرا سٹرکچر تباہ ہو چکا ہے اس لئے ہم نے چینی وزیر خارجہ پر واضح کر دیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا جیسے پسماندہ صوبے کو اس منصوبے میں بھر پور حق دیا جائے۔ جس پر چینی وزیر خارجہ نے صوبہ خیبرپختونخوا کے پسماندہ علاقوں میں سی پیک کے منصوبے پر تر جیحی بنیادوں پر کام شروع کرنے کا یقین دلایا ہے۔

اس زون کے قیام سے بیس لاکھ افراد کو مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع میسر ہونگے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی میں سعودی عرب کے سفیر کے ساتھ ملاقات کی ہے جنہوں نے اس حوالے سے بھر پور یقین دلایا ہے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پہلی تنخواہ ڈیموں کی تعمیر کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے قائم کردہ فنڈ میں عطیہ کر دیا ہے لہٰذا ہر پاکستانی جس سے دس بیس روپے یا جتنے بھی ہو سکے ۔

ڈیم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں انہوں نے کہا کہ پی کے 44صوابی 2کے غیور عوام چودہ اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں ایک بار پھر پی ٹی آئی کے امیدوار کو بھاری مینڈیٹ سے نوازینگے انہوں نے کہا کہ ہمارے دریائے سندھ کا جو پانی مسلم لیگ کی سابقہ حکومت نے چھین لیا تھا جس کی وجہ سے دریائے سندھ میں پانی کی مقدار کم ہونے سے ضلع صوابی کو کافی نقصان پہنچا ہے عجیب بات یہ ہے کہ غازی بھروتہ کابیراج صوابی میں جب کہ پاؤر ہاوس اٹک پنجاب میں ہے اور یہ سارا منصوبہ پنجاب کے مفاد کے لئے ہیں اس حوالے سے گذشتہ روز ایک اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں صوابی کے دو ایم پی ایز عبدالکریم خان، رنگیز احمد ، وفاقی وزیر پانی و بجلی ، سیکرٹری اور چیر مین واپڈا نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر ہم نے اپنا موقف واضح کر دیا ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ دریائے سندھ میں پانی کا مقدار پورا کیا جائے انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بجلی کے سارے سسٹم کو اپ گریڈ کیا جائیگا تاکہ لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج سے عوام کو نجات مل سکے۔ سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے لئے واپڈا کے ساتھ حالیہ اجلاس میں واپڈا حکام نے بتایا کہ اس کے لئے پچاس ارب روپے در کار ہونگے اور وفاقی حکومت فنڈز کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات اُٹھائے گی اور اس منصوبے پر کم از کم دو سال لگیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ 120کے وی اے گرڈ اسٹیشن صوابی کو بھی اپ گریڈ کر کے 220کے وی اے کر دیا جائیگا جس کی بدولت ضلع صوابی میں تیس سال تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کے علاوہ وولٹیج پورا ہو گا اسی طرح باجا ، بام خیل ، نواں کلی ، چھوٹا لاہور کے گرڈ اسٹیشن پر بھی کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمباکو کسانوں کا نقد آور فصل ہے۔

تمباکو کے کاشتکاروں کے ساتھ جو نا انصافی رواں رکھا جارہا ہے ان کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کے لئے بھر پور اقدامات اُٹھائیں گے زراعت ،تعلیم، صحت ، ایریگشن اور مواصلات کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گے ۔