43

صدر مملکت عارف علوی نے 13ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

اسلام آباد: ڈاکٹر عارف علوی نے صدر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔

 پاکستان کے 13 ویں صدر عارف علوی نے آج  ایوان صدر میں سجی پر وقار تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نومنتخب صدر عارف علوی سے اردو میں حلف لیا۔

تقریب میں وزیر اعظم عمران خان، سبکدوش صدر ممنون حسین، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزرائے اعلیٰ، گورنرز، اسپیکر قومی اسمبلی ، چیئرمین سینیٹ، آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم، وفاقی وزراء ،ارکان قومی اسمبلی، سینئر بیوروکریٹس اور غیر ملکی سفیروں نے بھی شرکت کی۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی صدر کی تقریب حلف برداری میں مدعو تھے تاہم شہباز شریف کی نمائندگی سابق گورنر و وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار مہتاب عباسی نے کی۔

حلف اٹھانے کے بعد نومنتخب صدرنے حلف نامے پر دستخط کئے، جس کے بعد قومی ترانا بجایا گیا۔ نئے صدر کی منظوری سے نیا صدارتی فرمان جاری کیا گیا، جو تمام گورنرز، فوجی چھاؤنیوں، سفارتخانوں اور سرکاری دفاتر میں بھیجا جائے گا، جس کے بعد نئے صدر کی تصویر تمام دفاتر میں آویزاں کی جائے گی۔ تقریب میں مہمانوں کی تواضع سادگی کے ساتھ چائے اور بسکٹ سے کی گئی۔