39

بابر اعوان مشیر پارلیمانی امور کے عہدے سے مستعفی

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے مشیر پارلیمانی امور کے عہدے سے استعفی دے دیا۔

 نندی پور پاور پروجیکٹ میں نام آنے کے بعد بابر اعوان نے تحقیقات میں مدد کے لیے مثال قائم کرتے ہوئے مشیر پارلیمانی امور کے عہدے سے استعفی دے دیا، انہوں نے اپنا استعفی وزیر اعظم عمران خان کو ارسال کردیا ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں بابر اعوان نے کہا ہے کہ نیب ریفرنس کے الزامات کوغلط ثابت کرنے کے لیے میرا بطور قانون دان عہدے پر رہنا مناسب عمل نہیں، قانون کی بالادستی کا آغاز اپنی ذات سے کررہا ہوں کیوں کہ ہمارے جلیل القدر صحابہ کرامؓ کا طریقہ کار بھی یہی ہے۔

Babar Awan@BabarAwanPK

کرسی سے چمٹے رہنے کے بجائے، ہاتھ سے استعفٰی لکھ کر اپنے کپتان کو دے دیا ہے، عدالت میں ڈٹ کر نے گناہی ثابت کروں گا۔
وَتُعِزُّ مَن تَشَاءُ وَتُذِلُّ مَن تَشَاءُۖ

7:26 PM - Sep 4, 2018

Twitter Ads info and privacy

وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بابر اعوان کی جانب سے منصب سے علیحدگی کے فیصلے کو سراہا ہے، بابر اعوان نندی پور مقدمے میں تحقیقات تک منصب سے الگ رہیں گے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی دوبارہ منصب سنبھالیں گے۔

واضح رہے کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کی تکمیل میں تاخیر پر بابر اعوان اور پرویز اشرف کے خلاف نیب ریفرنس قائم کردیا گیا ہے، ریفرنس کے مطابق تمام ملزمان کی غفلت کی وجہ سے نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر ہوئی جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو 27 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔