80

میرے اور ممنون کے درمیان فرق عوام کو نظر آئیگا، عارف علوی

لاہور۔پاکستان تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میرے اور صدر ممنون حسین کے درمیان بہت فرق ہے جو عوام کو نظر آئے گا،ن لیگ اور دیگر جماعتوں کے ارکان نے صدارتی الیکشن میں حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے،میں صرف کراچی کا صدر نہیں بلکہ پورے ملک کا صدر ہوں گا،چوہدری سرور نے گورنر کا حلف صرف اس لئے نہیں اٹھایا کہ مجھے ووٹ کاسٹ کرسکیں۔

لاہور میں پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار عارف علوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے اور صدر ممنون کے درمیان بڑا فرق ہے، جو عوام کو نظر آئے گا، صوبوں میں یکجہتی قائم کرنا صدر کی ذمہ داری ہے، صوبائی ہم آہنگی اور یکجہتی کے لئے عوام کو مطمئن کرنا ضروری ہے، عمران خان کی حکومت میں پاکستان کا اچھا وقت شروع ہورہا ہے، اداروں کو مستحکم کرنے کی کوشش کریں گے۔

عارف علوی نے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا، تاہم میں صرف کراچی کا صدر نہیں بلکہ پورے ملک کا صدر ہوں گا، مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے فون کرکے مجھے ووٹ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔چوہدری سرور نے گورنر کا حلف صرف اس لئے نہیں اٹھایا کہ مجھے ووٹ کاسٹ کرسکیں، گزشتہ رات کے عشائیہ میں بعض اراکین پنجاب اسمبلی ناگزیر وجوہات کی وجہ سے نہ آسکے۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین ہوں یا فیاض الحسن چوہان سب پارٹی میں اپنا مقام رکھتے ہیں، اسپیکر کی جانب سے مسلم لیگ ن کے تین اراکین پنجاب اسمبلی کو حلف اٹھانے کی اجازت نہ دینے پر میں کوئی رائے نہیں دے سکتا۔