89

وزیراعظم کا وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ

اسلام آباد۔وزیراعظم نے خالی وزارتوں کو پر کرنے کی ہدایت جاری کردی ، آئندہ ماہ 8 سے 10 وزرا کو کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ اس وقت 16 وزرا اور 5مشیروں پر مشتمل ہے اور کئی وزارتیں اب تک خالی ہیں جن کے قلمدان وزیراعظم کے پاس ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کو وزارتوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ بہت ساری وزارتیں خالی ہونے کی وجہ سے حکومتی مشینری اپنا کام درست طریقے سے انجام نہیں دے پارہی اور فیصلہ سازی کے اقدمات میں رکاوٹیں پیش آرہی ہیں۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جس طرح اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہورہا ہے لیکن اس کے 6 وزرا کے عہدے خالی ہیں جن میں مواصلات، پاور ڈویژن، نیشنل فوڈ سیکیورٹی، نجکاری، شماریات اور آبی وسائل شامل ہیں، ان وزارتوں کے فیصلے سیکریٹری کی حد تک تو ہوسکتے ہیں لیکن اہم فیصلہ نہیں ہورہا ہے۔ وزیراعظم نے خالی وزارتوں کو پر کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے جس کے بعد آئندہ ماہ 8 سے 10 وزرا کو کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم نے وزارت داخلہ کے امور دیکھنے کیلیے شہریار آفریدی کو وزیر مملکت برائے داخلہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔