117

ڈنمارک میں خواتین کے نقاب پر پابندی کا اطلاق

کوپن ہیگن۔یورپی ملک ڈنمارک میں مسلمان خواتین کے نقاب لگانے پرپابندی کے قانون کا اطلاق ہوگیا،قانون کے خلاف مسلمان خواتین مظاہرہ کریں گی جس کیلئے پمفلٹ تقسیم کئے جا رہے ہیں، اپنے حق کے لیے لڑیں گی اورنقاب نہیں اتاریں گی۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یورپی ملک ڈنمارک میں آج سے عوامی مقامات پرمسلمان خواتین کے نقاب لگانے پرپابندی کے قانون کا اطلاق ہوگیاہے، اس موقع پر نقاب پر پابندی کے خلاف کوپن ہیگن میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

ریلی میں شرکت کی دعوت دینے کے لیے مسلمان خواتین نے نقاب پر پابندی کے خلاف پمفلٹ تقسیم کیے، خواتین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے حق کے لیے لڑیں گی اورنقاب نہیں اتاریں گی۔ڈینش دارالحکومت میں آج مسلمان خواتین کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، جس میں غیرمسلم خواتین بھی نقاب پہن کر مظاہرہ کریں گی۔

ڈنمارک میں آج سے مسلم خواتین پر عوامی مقامات پر چہرے پر نقاب لگانے پر پابندی کے قانون کے مطابق پولیس اہلکار عوامی مقامات پر نقاب لگانے والی خواتین کو نقاب ہٹانے کا حکم دے سکیں گے یا انھیں وہاں سے گھر جانے کے لیے کہیں گے۔پہلی بارخلاف ورزی پر ایک ہزار ڈینش کراون یعنی 120پاونڈ جرمانہ کیا جائے گا جبکہ کسی بھی خاتون کی جانب سے چوتھی بار خلاف ورزی کرنے پر 10ہزار ڈینش کراون تک جرمانہ کیا جاسکے گا۔واضح رہے کہ ڈنمارک کی پارلیمنٹ نے نقاب پر پابندی کا بل مئی میں پاس کیا تھا جس کا اطلاق آج سے ہورہا ہے۔