63

چین کا تجارتی تنازعات حل کیلئے عدالت قائم کرنیکا اعلان

بیجنگ۔ چین نے بیلٹ اینڈ روڈ سے وابستہ تجارتی تنازعات کے حل کیلئے عدالت قائم کرنے کا اعلان کر دیا ، عدالت چین کے دو شہروں شنجن اور سیان میں قائم کی جائے گی ،بیلٹ اینڈ روڈ کی تعمیر کو فروغ دینے والی رہنما ٹیم مذکورہ نظام اور ادارے کے قیام کے امور کی ذمہ دار ہوگی۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی اور ریاستی کونسل کے دفتر نے دی بیلٹ اینڈ روڈ سے وابستہ تجارتی تنازعات کے حل کے نظام اور ادارے کے قیام کے حوالے سے تجویز شایع کر دی ہیں ۔

تجویز میں واضح کیا گیا ہے کہ دی بیلٹ اینڈ روڈ سے وابستہ بین الاقوامی تجارتی تنازعات کے حل کے نظام اور ادارے کے قیام میں جامع مشاورت ،تعمیری شراکت داری اور مشترکہ مفاد کے اصول پر عمل پیرا رہا جائے جبکہ معقول ، موثر ،با سہولت ،متعلقہ افراد یا اداروں کی رضامندی کا احترام اور تنازعات کے حل کے لیے دیگر لائحہ عمل کے اصول پر ثابت قدمی سے قائم رہا جائے۔چین کی سپریم عوامی عدالت بین الاقوامی تجارتی امور کے حوالے سے عدالت قائم کرے گی اور اس حوالے سے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی تاکہ دی بیلٹ اینڈ روڈ سے متعلق بین الاقوامی تجارتی تنازعات میں ثالث کا کردار ادا کیا جا سکے۔

تجویز کے مطابق دی بیلٹ اینڈ روڈ کی تعمیر کو فروغ دینے والی رہنما ٹیم مذکورہ نظام اور ادارے کے قیام کے امور کی ذمہ دار ہوگی۔ یاد رہے رواں برس تیئس جنوری کو چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت میں ایک اجلاس کے دوران دی بیلٹ اینڈ روڈ سے وابستہ بین اقوامی تجارتی تنازعات کے حل کے نظام اور ادارے کے قیام کی تجویز کی منظوری دی گئی تھی۔