141

اسٹیل مصنوعات اور اسکول بیگ پر سیلز ٹیکس میں اضافہ

اسلام آباد۔وفاقی حکومت نے اسٹیل مصنوعات، مختلف اقسام کے بیگز، بریف وسوٹ کیس،والٹ اور لیدر ومصنوعی چمڑے کی درآمدی اشیا مہنگی کردی ہیں۔گزشتہ روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن جن کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا کے تحت 31 دسمبر 2011کو جاری کردہ ایس آر او1125(I)/2011 میں ترامیم کردی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق چمڑے اور مصنوعی چمڑے کی تیار شدہ اشیا کی درآمد پر عائد رعایتی جنرل سیلز ٹیکس کی شرح 6 فیصد سے بڑھا کر 9فیصد کر دی گئی ہے،چمڑے اور مصنوعی چمڑے کی صارفین کے لیے قابل استعمال تیار شدہ اشیا 9 فیصد کے رعایتی سیلز ٹیکس پر درآمد کی جاسکیں گی۔اس کے علاوہ 9 فیصد فیصد رعایتی سیلز ٹیکس پر جو اشیا درآمد کی جاسکیں گی۔

ان میں چمڑے و مصنوعی چمڑے کے ٹرنک، سوٹ کیس، بریف کیس، ٹریولنگ بیگ، ہینڈ بیگ، شاپنگ بیگ، والٹ، پرس، اسپورٹس بیگ، اسکول بیگ، ٹرالی بیگ، لیپ ٹاپ بیگ، لیڈیز بیگ، جیکٹ، بیلٹ اور چمڑے کے جوتے شامل ہیں۔ایف بی آرکی جانب سے جاری کردہ دوسرے نوٹیفکیشن کے ذریعے اسٹیل میلٹر اور اسٹیل ری رولرز سمیت اسٹیل کے کمپوزٹ یونٹس کے لیے بھی جنرل سیلز ٹیکس کی شرح ساڑھے 10 فیصد سے بڑھا کر 13 فیصد کردی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ اشیا کے لیے جنرل سیلز ٹیکس کی نئی شرح کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔