110

فلسطینیوں کے احتجاج پر ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان دوستانہ فٹبال میچ منسوخ

بیونس آئرس: فٹ بال ورلڈ کپ سے قبل اسرائیل اور ارجنٹائن کے درمیان مقبوضہ بیت المقدس میں ہونے والا دوستانہ میچ فلسطینیوں کے احتجاج کے باعث منسوخ کردیا گیا۔  

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں مہینے شروع ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ سے قبل ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان 9 جون کو ایک دوستانہ میچ مقبوضہ بیت المقدس میں ہونا تھا جسے منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ارجنٹائن میں اسرائیلی سفارت خانے نے میچ کے منسوخ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ فلسطینی فٹ بال فیڈریشن نے بھی میچ کی منسوخی کی اپیل کی تھی۔

اس دوستانہ میچ کے خلاف فلسطین میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا تھا۔ فلسطین کے بچوں نے اسرائیل میں ارجنٹائن کے سفارت خانے کو لکھے گئے خط میں ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی سے اسرائیل کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہوئے تحریر کیا کہ قابض اسرائیلی فوج  نے ہمارے گھروں کو تباہ کر کے فٹبال اسٹیڈیم تعمیر کیا ہے۔

علاوہ ازیں ارجنٹائن فٹبال فیڈریشن کے چیئرمین جبرائیل رجب نے ارجنٹائن کے سفارت خانے کے سامنے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ میچ منسوخ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر لیونل میسی نے اسرائیل کے خلاف دوستانہ میچ میں شرکت کی تو فلسطینی مداح اور شائقین میسی کی تصاویر والی ٹی شرٹ کو آگ لگا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔