132

گھروں کیلیے سستے قرضے ؛ پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی کی ڈیٹ سیکیورٹیزکو ٹیکس چھوٹ

 اسلام آباد: وفاقی حکومت یکم جولائی 2018 سے ملک بھر میں کم آمدنی رکھنے والے لوگوں کو مکانات کی تعمیر کیلیے سستے قرضوں کی فراہمیکے مقصد سے پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی کے جاری کردہ سکوک، بانڈز سمیت دیگر ڈیٹ سیکیورٹیز کو 5 سال کیلیے انکم ٹیکس سے چھوٹ اوران سیکیورٹیز کی فروخت پرکیپٹل گین ٹیکس سے بھی 5سال کیلیے استثنیٰ دیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے ایف بی آر کے سینئر افسر نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے فنانس ایکٹ 2018 کے ذریعے انکم ٹیکس آرڈیننس2001 میں 2 نئی شقیں شامل کی ہیں جن کے تحت یہ ریلیف دیا جارہا ہے۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ لوگوں کواپنی چھت کی فراہمی کے لیے سستے قرضوں کے اجرا کا انتظام کرنے کے حوالے سے عالمی بینک کے تعاون سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے قائم کردہ پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی (پی ایم آر سی) کی جانب سے رہائشی ہاؤسنگ مارگیج مارکیٹ کوجاری کردہ سکوک، بانڈز سمیت دیگر ڈیٹ سیکیورٹیز سے حاصل کردہ منافع کی رقم کو 5 سال کیلیے انکم ٹیکس سے چھوٹ دی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کی مجوزہ شق کے تحت ہر شخص کو پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی کے جاری کردہ سکوک، بانڈز سمیت دیگر ڈیٹ سیکیورٹیز سے حاصل کردہ آمدنی کو بھی 5سال کے لیے انکم ٹیکس سے چھوٹ حاصل ہوگی، اس کے علاوہ کمپنی کی تمام ڈیٹ سیکورٹیز کی فروخت پر کیپٹل گین ٹیکس سے بھی 5 سال چھوٹ دی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق سکوک، بانڈز سمیت دیگر ڈیٹ سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والی آمدنی کو انکم ٹیکس اور کیپٹل گین ٹیکس سے چھوٹ دینے کا بنیادی مقصد ملک میں رہائشی سہولتوںکیلیے آسان شرائط پر سستے قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے تاکہ ملک میں رہائشی مارگیج ری فنانسنگ مارکیٹ فروغ پاسکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپٹل گین ٹیکس سے چھوٹ کیلیے ان سیکیورٹیز کی فروخت کیلیے میعاد (ہولڈنگ پیریڈ) مقرر کی جائے گی اور اس میعاد سے پہلے فروخت پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے عوام کو معقول ریٹ پر ہاؤسنگ لونز تک آسان رسائی ملے گی اورلوگوںکومخصوص فکسڈ ریٹ پر طویل المیعاد لون پیکیج مل سکیں گے،پراپرٹی ڈیولپرز کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں بڑے پیمانے پر سرگرمیاں شروع ہونگی۔