120

مورگن زخمی، شاہد آفریدی ورلڈ الیون کے کپتان مقرر

لندن: انگلش ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ایوان مورگن فٹنس مسائل کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول چیریٹی ٹی20 انٹرنیشنل میچ کے لیے آئی سی سی ورلڈ الیون کے اسکواڈ سے دستبردار ہو گئے ہیں اور شاہد آفریدی کو ورلڈ الیون کی قیادت سونپ دی گئی ہے۔

گزشتہ سال کیریبیئن جزائر میں ارما اور ماریہ نامی طوفان سے وہاں موجود چند اسٹیڈیمز بری طرح متاثر ہوا تھا اور ان اسٹیڈیمز کی دوبارہ تعمیر کی غرض سے 31مئی کو لارڈز کے تاریخی میدان پر ویسٹ انڈین ٹیم اور ورلڈ الیون کے درمیان ٹی20 میچ کھیلا جائے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور میلبرن کرکٹ کمیٹی نے گزشتہ برس ویسٹ انڈیز میں سمندری طوفانوں سے تباہ ہونے والے 5 اسٹیڈیمز کی تعمیر نو کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کی غرض سے چیریٹی میچ کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیریٹی میچ کے لیے قیادت انگلینڈ کی محدود اوورز کی ٹیم کے کپتان آئن مورگن کو سونپی تھی لیکن وہ انجری کے سبب میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ مورگن نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ گزشتہ ہفتے رائل لندن ون ڈے کپ کے دوران انگلی کی انجری میں مبتلا ہوئے تھے اور ایکسرے رپورٹ آنے کے بعد ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا ہے اس لیے ویسٹ انڈیز کے خلاف چیریٹی میچ نہیں کھیل سکوں گا۔

آئی سی سی نے مورگن کی جگہ سیم بلنگز کو ٹیم میں طلب کر لیا جبکہ ٹائمل ملز کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

مورگن کی عدم دستیابی کے سبب آئی سی سی نے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی ورلڈ الیون کی قیادت کریں گے۔

شاہد آفریدی نے قیادت ملنے پر اپنے بیان میں کہا کہ آئی سی سی ورلڈ الیون کی اتنے بڑے مقصد کے لیے قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے اور مجھے امید ہے کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی بھرپور جوش و جذبے سے میچ میں شرکت کریں گے۔