سری نگر: بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی فورسز نے فائرنگ کرکے راہ گیر کوجاں بحق کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گزشتہ رات بھارتی فوجیوں نے کاکاپورا میں اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں احمد نامی شخص زخمی ہو گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا سکا۔
اس سے قبل بھارتی کیمپ پر حملے میں ایک بھارتی اہلکار ہلا ک ہو گیا تھا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ سری نگر سے 40 کلو میٹر دور کاکاپورا میں مسلح شخص نے بھارتی اہلکار کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہ گیر جاں بحق ہو گیا۔
بعدازاں، ضلع شوپیاں کے نزدیک سڑک کے کنارے نصب بم دھماکے میں 3 بھارتی اہلکار زخمی ہو گئے۔
اسی دوران شہری کی ہلاکت کے فوراً بعد ضلعی پولیس کے حکم پر جنوبی کشمیر میں انٹرنیٹ اور ٹرین کے سروس معطل کردی گئی۔
حکام کے مطابق ‘شہری کی ہلاکت کے پیش نظر تمام سروسز معطل کی جارہی ہے جس میں سری نگر اور بنیال کے درمیان ٹرین سروس بھی معطل رہے گی’۔
واضح رہے کہ بھارتی فورسز پر حملوں کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔