67

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل شادی کے بندھن میں بندھ گئے

لندن: برطانوی شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

شہزادہ ہیری اپنے بھائی کے ہمراہ ونڈسر محل پہنچے جب کہ میگھن مارکل بھی عروسی لباس زیب تن کیے پہنچیں، دونوں نے مہمانوں کی موجودگی میں ونڈسر محل کے سینٹ جارجز چیپل میں ایجاب و قبول کیا۔شادی کی تقریبات کا آغاز  12 بجے سینٹ جارج چیپل چرچ میں ہوا جس میں شرکت کے لیے 600 مہمانوں کو مدعو کیا گیا۔

شادی میں ہالی وڈ ستارے  جن میں امریکی اداکار جارج کلونی بھی اہلیہ کے ہمراہ شادی میں شریک ہوئے۔بالی وڈ سے اداکارہ پریانکا چوپڑا شادی کی تقریب میں شریک ہوئیں جب کہ ٹینس اسٹار سرینا ولیمز اور فٹبالر ڈیوڈ بیکھم بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

برطانوی عوام میں شادی کے حوالے سے زبردست جوش و خروش دیکھا گیا اور ہزاروں کی تعداد میں افراد شاہی محل کے باہر شاہی جوڑے کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔

برطانوی شاہی جوڑے کی شادی کو ٹیلی وژن پر دکھایا گیا جب کہ سڑکوں پر بڑی اسکرینیں بھی نصب کی گئیں اور لندن کی گلیوں بازاروں کو شاہی جوڑے کی تصاویر اور قومی پرچموں سے سجایا گیا۔میگھن مارکل کے والد اپنے دل کی سرجری کے باعث شادی کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکے۔

اس سے قبل جمعے کے روز میگھن مارکل کی والدہ ڈوریا ریگ لینڈ نے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم اور شہزادہ فلپ سے ونڈسر محل میں ملاقات کی، جہاں شہزادے ہیری اور میگھن بھی موجود تھیں۔

یہی وجہ ہے کہ میگھن مارکل نے پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کے والد کی جگہ اس ذمہ داری کو نبھائیں اور شادی کی تقریب میں ان کے ساتھ چلیں جسے شہزادہ چارلس نے قبول کرلیا ہے۔

شادی سے ایک روز قبل اپنے ہوٹل کے باہر میڈیا اور مداحوں سے گفتگو میں میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ وہ بہت اچھا محسوس کر رہی ہیں جب کہ اس موقع پر شہزادے ہیری نے کہا کہ 'ان کے احساسات زبردست اور غیر معمولی ہیں'۔اداکارہ میگھن کو ان کے ساتھیوں کی جانب سے بھی شادی کے لیے نیک خواہشات کے پیغامات بھیجے جارہے ہیں۔