108

افغانستان میں 7بھارتی انجینئرز اغواء

کابل۔افغان سکیورٹی حکام نے کہاہے کہ سات بھارتی انجینیئروں کو نامعلوم مسلح افراد اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اغوا کی یہ واردات شمالی افغان صوبے باغلان کے ضلع ڈنڈ غوری میں ہوئی۔

صوبائی پولیس کے ترجمان کے مطابق ساتوں بھارتی شہری ایک حکومتی پاور اسٹیشن کی جانب جا رہے تھے کہ انہیں ڈرائیور سمیت نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا۔ ترجمان کے مطابق بھارتی انجینئروں وں کی تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔کابل میں بھارتی سفارت خانے کے دو اہلکاروں نے بھی اس واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق افغانستان میں ڈیڑھ سو سے زائد بھارتی انجینیئرز اور دیگر تکنیکی عملہ مختلف پراجیکٹس پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔