108

کینگروز خوف کی دیوار نہ پھلانگ سکے، پاکستان آنے سے انکار کردیا

ویلنگٹن / سڈنی: کینگروز خوف کی دیوار نہ پھلانگ سکے اور پاکستان میں کھیلنے کی درخواست پر کرکٹ آسٹریلیا نے صاف انکار کر دیا البتہ نیوزی لینڈ غور کرنے لگا ہے۔

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کو رواں برس پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنی ہے، جس کا میزبان ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات ہی ہوگا،پی سی بی کی جانب سے دونوں بورڈز سے چند میچز پاکستان میں کھیلنے کی درخواست کی گئی تھی مگرآسٹریلیا نے اس پر غور تک کرنے سے صاف انکار کردیا،ٹیم کو ستمبر اور اکتوبر میں پاکستان سے تین ٹیسٹ اور ایک ٹوئنٹی20 میچ کھیلنا ہے جس کی حتمی تاریخوں کا فی الحال تعین نہیں ہوا۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان نے آسٹریلیا سے درخواست کی تھی کہ وہ واحد ٹوئنٹی 20 میچ پاکستان میں کھیلے جہاں پر کامیابی سے سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے میچزمنعقد ہوچکے ہیں،مگر کرکٹ آسٹریلیاکے ترجمان نے واضح کیا کہ وہ اس درخواست پر غورتک نہیں کررہے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان سے سیریز کے حوالے سے یہ بات پہلے ہی طے ہوچکی کہ یہ مشرق وسطیٰ میں کھیلی جائے گی،ہم اس پروگرام میں کسی بھی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے تو مارچ 2009 میں بند ہوئے جب لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشتگرد حملہ ہوا تھا، مگر آسٹریلیا وہ واحد ٹیم ہے جو1998 سے ہی وہاں نہیں کھیلی، تب سے دونوں کے درمیان یو اے ای، انگلینڈ اورسری لنکا کے نیوٹرل وینیوز پر مقابلے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے یہی درخواست نیوزی لینڈ سے بھی کی ہے، کیویز کو نومبر میں پاکستان سے 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کھیلنے ہیں، زیادہ امکان یہی ہے کہ یہ عرب امارات میں ہی کھیلے جائیں گے۔

این زیڈ سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے تصدیق کی کہ انھیں پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے 2 ہفتے قبل چند ٹوئنٹی 20 میچز پاکستان میں کھیلنے کی درخواست موصول ہوئی ہے،پوری سیریز نہیں صرف 2 میچز کیلیے درخواست ہوئی ہے۔

ڈیوڈ وائٹ نے بتایا کہ ہم اس پر غور کررہے ہیں، اس حوالے سے سیکیورٹی ماہرین، حکومت اور پلیئرز سے مشاورت کی جائے گی، جب یہ سارا عمل مکمل ہوجائے گا تب ہم اپنے فیصلے سے نہ صرف پاکستان بلکہ سب کو آگاہ کریں گے۔

انھوں نے واضح کیا کہ اس عمل کے دوران نیوزی لینڈ کرکٹ سے کوئی پاکستان نہیں جائے گا۔ ہمارے پاس سیکیورٹی ماہرین ہیں جن کی خدمات ہم پہلے بھی حاصل کرتے رہے ہیں، وہ گہرائی سے صورتحال کا جائزہ لیں گے جس کی بنیاد پر ہم پاکستان ٹیم بھیجنے سے متعلق فیصلہ کریں گے، یہ ضروری ہے کہ ہم کھلے ذہن کے ساتھ آگے بڑھیں۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے آخری مرتبہ 2003 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، ایک سال پہلے کیوی ٹیم کے ہی کراچی میں ہوٹل کے سامنے ایک بم دھماکا بھی ہوا تھا جس کے بعد ٹیم ٹور ادھورا چھوڑ کر واپس چلی گئی تھی،پھر اگلے سال اس کی واپسی ہوئی تھی۔ پی سی بی نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے سیریز کیلیے ملائیشیا سمیت دیگر وینیوز کا بھی جائزہ لے رہا ہے۔

وائٹ نے کہاکہ فی الحال تو ہماری سیریز یو اے ای میں ہی طے ہے، ہمیں پاکستان کی جانب سے کوئی دوسری معلومات حاصل نہیں ہوئی ہیں، میں جانتا ہوں کہ بورڈ اس حوالے سے یو اے ای کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہے۔