204

کامن ویلتھ گیمز 2018: پاکستان، انگلینڈ کا ہاکی میچ 2-2 سے برابر

کوئنزلینڈ: کامن ویلتھ گیمز 2018 میں ہاکی مقابلوں میں پاکستان کا انگلینڈ کے ساتھ بھی ہونے والا میچ 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان برابر ہونے والے اس میچ کے بعد گرین شرٹس کے میڈل کی دوڑ میں شامل ہونے کے امکانات تقریباً ختم ہوگئے۔

گولڈ کوسٹ ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ کی ٹیم ابتدا سے ہی پاکستان پر حاوی رہی، لیکن پاکستان کے دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپر نے بھی بھرپور مقابلہ کیا۔

ابتدائی 2 کورٹرز 0-0 سے برابر تھے، تاہم تیسرے ہاف کے دوران 33ویں منٹ میں پاکستان کے محمد ارسلان مدثر نے گول اسکور کر کے ٹیم کو صفر کے مقابلے میں ایک برتری دلادی۔

پاکستان کی برتری کے ایک منٹ بعد ہی انگلینڈ کے مارک گلیگھورن نے پینالٹی کارنر پر گول اسکور کرکے میچ 1-1 سے برابر کر دیا۔

انگلش ٹیم نے چوتھے کوارٹر کے 51ویں منٹ میں پینالٹی کارنر کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سام وارڈ کے اسٹروک سے ٹیم کو ایک کے مقابلے میں 2 گول کی برتری دلادی۔

پاکستان ٹیم کو میچ کے آخری لمحات میں پینالٹی کارنر ملا جس کے ذریعے علی مبشر نے گول اسکور کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر میچ 2-2 سے برابر کردیا۔

پاکستان ٹیم اب تک کامن ویلتھ گیمز 2018 کے دوران ہاکی کے مقابلوں میں 3 مچز کھیل چکی ہے جبکہ تنیوں ہی میچز برابری پر ختم ہوئے۔

7 اپریل کو بھارت کے ساتھ ہونے والا سنسنی خیز میچ بھی 2-2 گول سے برابری پر ختم ہوا تھا جبکہ 5 اپریل کو ویلز کے خلاف ہونے والا میچ بھی 1-1 سے ڈرا ہوا تھا۔