311

رومانیہ بھی سی پیک میں شمولیت کا خواہشمند

اسلام آباد۔پاکستان میں تعینات رومانیہ کے سفیر نیکولے گویا نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کیلئے بہت اہم منصوبہ ہے۔ رومانیہ بھی سی پیک کا حصہ بننا چاہتا ہے،۔ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہونے سے کاروبار و سرمایہ کاری کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے نیکولے گویا نے کہا کہ سی پیک پاکستان کیلئے بہت اہم منصوبہ ہے اور اس سے پاکستان کیلئے بے شمار اقتصادی فوائد پیدا ہوں گے، رومانیہ بھی سی پیک کا حصہ بننا چاہتا ہے۔

پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہونے سے کاروبار و سرمایہ کاری کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی سطح پراچھے تعلقات قائم ہیں لیکن اقتصادی تعلقات بہت کم ہیں۔ رومانیہ پاکستان کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے کیونکہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش ملک ہے۔

نیکولے گویا نے کہا کہ ان کا ملک آئندہ چند سال میں پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو 50 کروڑ ڈالر سالانہ تک لے جانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تقریبا 10کروڑ ڈالر کی باہمی تجارت دونوں کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے جس کو بہتر کرنے کیلئے دونوں ممالک کی جانب سے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔