وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق واضح مؤقف ہے کہ اس معاملے پر عوامی رائے حاصل کی جائے، اگر عوام اس کے حق میں ہوں تو فیصلہ کیا جائے اور اگر حمایت نہ ملے تو ایسا نہ کیا جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے عوامی خدمت اور کارکردگی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، نہ کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ پر۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر عوامی رائے جاننے کے لیے ملک بھر میں بحث جاری ہے۔ جب اس حوالے سے عوامی رائے سامنے لانے کا وقت آئے گا تو معاملہ پارلیمنٹ میں بھی پیش کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صوبوں کی تشکیل جیسے اہم معاملے پر عوام کی رائے کو بنیادی اہمیت حاصل ہونی چاہیے اور اس حوالے سے فیصلہ بھی عوامی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔
سوشل میڈیا سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ اس حوالے سے بہتر رابطہ کاری اور مؤثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ بات چیت بھی جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اپنے قوانین کو ملکی قوانین کے مطابق بنا لیں تو اس سے صورتحال میں کافی بہتری آسکتی ہے۔









