16

پنجاب میں خشک سالی کا خطرہ، پی ڈی ایم اےکا الرٹ جاری

جنوبی پنجاب میں دسمبر 2026 سے فروری 2027 تک معمول سے کم بارشوں کے باعث خشک سالی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے الرٹ جاری کردیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ممکنہ خشک سالی سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے، جبکہ محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، لائیو اسٹاک، جنگلات، تعلیم، ماحولیات، لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122 اور ٹرانسپورٹ کو بھی مراسلے جاری کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ کمشنرز بہاولپور، سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان سمیت متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد خضر افضال کے مطابق جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشوں کے باعث خشک موسم برقرار رہنے کا امکان ہے، جس سے زرعی زمینوں میں نمی کی کمی اور آبی وسائل پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر خشک سالی کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز میں 24 گھنٹے عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور پی ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری برقرار رکھی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ خشک سالی سے متاثر ہونے کے خدشے والے علاقوں اور حساس آبادیوں کا مکمل ڈیٹا بیس تیار کیا جائے تاکہ ضرورت پڑنے پر بروقت امدادی کارروائیاں کی جاسکیں۔ عوام میں پانی کے تحفظ اور اس کے محتاط استعمال سے متعلق آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

محمد خضر افضال نے مزید کہا کہ ممکنہ خشک سالی کے پیش نظر حساس علاقوں میں مویشیوں کے تحفظ کے لیے ادویات اور چارے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ محکمہ لائیو اسٹاک، زراعت اور دیگر متعلقہ ٹیموں کو فیلڈ میں موجود رہنے اور صورتحال سے متعلق معلومات مسلسل اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو زیادہ حساس علاقوں میں اضافی عملہ اور ضروری وسائل تعینات کرنے کے ساتھ ریسکیو 1122 اور اسپتالوں میں ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خشک سالی کے خدشے اور اس کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔