پولیس، محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور سیکیورٹی فورسز نے بنوں کے مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے زرگل عرف انکل گروپ کے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بنوں کے علاقوں گریڑہ شاہ جہاں، کنگر اور ملحقہ دیہات میں آپریشن سربلندی کے نام سے گرینڈ آپریشن کیا گیا، جس میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور ان کے سہولتکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔
حکام کے مطابق کامیاب مشترکہ کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔
ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم کے مقامی کمانڈر زرگل عرف انکل گروپ سے بتایا گیا ہے، جن میں زرگل کا بھتیجا بھی شامل ہے۔
حکام کے مطابق ہلاک دہشتگرد پولیس، سیکیورٹی فورسز، مقامی امن کمیٹیوں کے سربراہان اور عام شہریوں پر حملوں، بھتہ خوری اور لوٹ مار سمیت متعدد سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
ڈی آئی جی بنوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد اور مبینہ سہولتکاروں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن اور عوام کے تحفظ کے لیے جاری کارروائیوں میں پولیس، سیکیورٹی فورسز اور محکمہ انسداد دہشتگردی کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائی پر بنوں پولیس، محکمہ انسداد دہشتگردی اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
آئی جی پی نے کہا کہ عوام کی حفاظت، قانون کی بالادستی اور حکومتی رٹ برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔









