6

اسلام آباد سے کراچی تک موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آئندہ دو روز کے دوران موسم کی صورتحال سے متعلق پیشگوئی جاری کردی ہے، جس کے مطابق بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل اور بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں موسم کی صورتحال

اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کے ساتھ صبح اور رات کے اوقات میں سردی محسوس کی جائے گی۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند اور اسموگ کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ رات کے اوقات میں سرد رہنے کی توقع ہے۔ مری اور گلیات میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا۔

تاہم صبح اور رات کے اوقات میں سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، فیصل آباد، جھنگ، خانیوال، ملتان، خانپور، کوٹ ادو اور بہاولپور سمیت گردونواح کے بعض علاقوں میں دھند اور اسموگ چھانے کا امکان ہے۔

سندھ، بلوچستان اور بالائی علاقوں کا موسم

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک رہے گا۔ صوبے کے شمالی اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ملک کے سرد ترین علاقوں کا درجہ حرارت

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہا۔

آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ میں پارہ منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا، جبکہ اسکردو میں منفی 5، قلات اور استور میں منفی 3 اور گوپس میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بالخصوص صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور اسموگ کے باعث احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔