انسداد دہشتگردی عدالت پشاور نے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں نامزد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں، تاہم پولیس کی گرفتاری کی کوشش وکلا کی مزاحمت کے باعث ناکام ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد تینوں ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو بعد ازاں سناتے ہوئے عدالت نے درخواستیں خارج کردیں۔
فیصلہ سنائے جانے کے بعد پولیس نے تینوں رہنماؤں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، تاہم عدالتی احاطے میں موجود وکلا نے مزاحمت کرتے ہوئے گرفتاری روک دی۔ صورتحال کے پیش نظر پولیس نے کچہری کے تمام گیٹ بند کروا دیے۔
اس دوران وکلا نے کچہری اور ہائی کورٹ کا دروازہ توڑ کر ہائی کورٹ میں داخل ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں، جبکہ تیمور جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم بھی ہائی کورٹ پہنچ گئے۔
ریڈیو پاکستان کے وکیل کے دلائل
سماعت کے دوران ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین گیگیانی عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ تینوں ملزمان کو ابتدائی طور پر ایف آئی آر میں نامعلوم ملزمان کے طور پر شامل کیا گیا تھا، تاہم شواہد سامنے آنے کے بعد انہیں مقدمے میں نامزد کیا گیا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمان کے وکلا کی جانب سے ویڈیوز کی تیاری اور ان کے سامنے آنے کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے گئے ہیں، جس پر ریڈیو پاکستان کے وکیل نے بتایا کہ ویڈیوز سوشل میڈیا سے حاصل کی گئی ہیں اور ملزمان نے خود انہیں اپنے اکاؤنٹس پر اپ لوڈ کیا تھا۔
شبیر حسین گیگیانی نے مزید بتایا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور نادرا نے ویڈیوز کی تصدیق کی ہے، جبکہ فرانزک رپورٹ کے مطابق ملزمان توڑ پھوڑ میں ملوث تھے اور انہوں نے شہریوں کو اشتعال دلایا۔
انہوں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا فوٹیجز کی بنیاد پر نور مقدم اور مشال خان کیسز میں بھی ملزمان کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔
ریڈیو پاکستان کے وکیل نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ ملزمان نے اپنے دور حکومت میں ایک ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو فوکل پرسن مقرر کیا تھا، جس کا مقصد ان کے خلاف درج مقدمات ختم کروانا تھا۔
عدالت میں 9 مئی کے واقعات کی ویڈیوز بھی چلائی گئیں
سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ریڈیو پاکستان کے موجودہ ڈائریکٹر وقوعے کے وقت بھی اسی عہدے پر تعینات تھے؟ اس پر وکیل نے بتایا کہ موجودہ ڈائریکٹر اس وقت پروگرام مینیجر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔
عدالت میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق ویڈیوز بھی چلائی گئیں۔ فوٹیجز دیکھنے کے بعد عدالت نے ریمارکس دیے کہ ویڈیوز میں بظاہر توڑ پھوڑ ہوتی نظر نہیں آرہی۔
اس پر ریڈیو پاکستان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ استغاثہ کا بنیادی الزام یہ ہے کہ ملزمان نے کارکنوں اور عوام کو اشتعال دلایا، جبکہ ویڈیوز میں انہیں کارکنوں کو اکساتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کا حکم دے دیا۔
آخری اطلاعات کے مطابق تینوں رہنما وکلا کے حصار میں عدالتی احاطے میں موجود تھے، جبکہ پولیس کی نفری بھی انہیں گرفتار کرنے کے لیے وہاں تعینات تھی۔









