2

خیبر میں پراسرار بیماری کا خوفناک وار، ایک ہی خاندان کے 5 بچے جاں بحق

خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے بازار ذخہ خیل میں پراسرار بیماری نے ایک ہی خاندان کے 5 بچوں کی جان لے لی، جبکہ 2 دیگر متاثرہ بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) خیبر کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران پراسرار بیماری کے باعث 5 بچے جاں بحق ہوئے، جن میں 3 کمسن بچیاں اور 2 بچے شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ایک ہی خاندان کے 7 بچے پراسرار بیماری سے متاثر ہوئے تھے، جن میں سے 5 دم توڑ گئے، جبکہ باقی 2 بچوں کی حالت غیر ہونے پر انہیں بے ہوشی کی حالت میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کی اموات کی اصل وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ واقعے کی تحقیقات اور بیماری کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے محکمہ صحت کی خصوصی ٹیم علاقے میں روانہ کر دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق خصوصی ٹیم متاثرہ بچوں کی علامات، طبی تفصیلات اور دیگر شواہد کا جائزہ لے گی، جس کے بعد اموات کی وجوہات سامنے آ سکیں گی۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں بچوں کی پراسرار بیماری سے اموات کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ رواں سال جون میں بنوں کے علاقے تختی خیل میں ایک ہی خاندان کے 5 بچے، لوئر دیر کے مختلف علاقوں میں 7 اور صوابی کے علاقے گدون امازئی میں بھی 7 بچے پراسرار بیماری کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔