11

مصنوعی ذہانت انسانی اقدار کو ختم کرسکتی ہے: پوپ لیو

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو چہاردہم نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ترقی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ٹیکنالوجی کو اخلاقی اصولوں اور انسانی اقدار کے تابع نہ رکھا گیا تو اس کے انسانیت پر سنگین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پوپ لیو چہاردہم نے فرانس کے دورے کے دوران پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور دیگر سرکاری و سفارتی شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت کے ممکنہ خطرات پر روشنی ڈالی۔

پوپ لیو کا کہنا تھا کہ دنیا ایک ایسے دور کی جانب بڑھ رہی ہے جہاں مشینوں اور کمپیوٹر سسٹمز کو ذہانت کا حامل سمجھا جا رہا ہے، تاہم دوسری جانب انسانوں کے ناقابلِ تنسیخ وقار اور اہمیت کو تسلیم کرنے میں مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مصنوعی ذہانت کی ترقی کو انسانی اقدار اور اخلاقی ضابطوں کے تحت نہ رکھا گیا تو معاشرہ اپنی انسانیت کھو سکتا ہے۔

ان کے مطابق دنیا مشینوں کی ایسی جنت میں تبدیل ہوسکتی ہے جہاں انسانی وقار اور انسان کی حقیقی اہمیت پس منظر میں چلی جائے۔

پوپ لیو چہاردہم نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کی ترقی کے ساتھ انسانی اقدار، اخلاقیات اور انسانی وقار کا تحفظ بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ اس کے معاشرتی، اخلاقی اور انسانی زندگی پر اثرات عالمی سطح پر اہم بحث کا موضوع بن چکے ہیں۔