1

ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں پولیس کا کریک ڈاؤن، 50 سے زائد افراد گرفتار

ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں پرتشدد کارروائیوں اور ہنگامہ آرائی میں مبینہ طور پر ملوث عناصر کے خلاف پولیس نے بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 50 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق شرپسند عناصر کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ اور تخریب کاری کی دفعات کے تحت چار مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے آج رات مزید چھاپے مارے جائیں گے۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بے بنیاد افواہوں پر کان نہ دھریں کیونکہ باڑہ میں صورتحال پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے اور کسی بھی پولیس اہلکار کے اغواء کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ پولیس کا عزم ہے کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔