227

شاہد آفریدی اورگوتم گمبھیر کی کشمیر معاملے پر تلخ کلامی

لندن۔پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشمیر کا تنازع اس وقت سوشل میڈیا پر دونوں ملکوں کے کرکٹرز کے درمیان زیر بحث ہے۔ بی بی سی کے مطابق پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی اور انڈیا کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر کے درمیان کشمیر کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی۔ یہ وہ علاقہ ہے جس پر دونوں ممالک اپنا دعوی کرتے ہیں۔منگل کو آفریدی نے ایک ٹویٹ کی جس میں انھوں نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کی صورتحال کو ہولناک اور پریشان کن قرار دیا۔اس کے جواب میں گوتم نے لکھا کہ آفریدی الفاظ کے چنائومیں ذہنی طور پر پسماندہ ہیں۔

خیال رہے کہ یہ خطہ دونوں ملکوں کے درمیان 70 سال سے حل طلب تنازع ہے۔سوشل میڈیا پر یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب شاہد آفریدی نے انڈین حکومت کو غاصب قرار دیا اور اقوامِ متحدہ سے اپیل کی کہ انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں مداخلت کرے جہاں گذشتہ ہفتے کے اختتام پر حالیہ برسوں کا بدترین تشدد ہوا۔انھوں نے لکھا انڈین مقبوضہ کشمیر میں انتہائی خراب اور پریشان کن صورتحال ہے۔ حق خود ارادیت اور خود مختاری کا مطالبہ کرنے والے معصوم لوگوں کو غاصب حکومت کی جانب سے مارا جا رہا ہے۔ حیرت ہے کہ اقوامِ متحدہ اور دیگر بین الاقوامی ادارے کہاں ہیں؟ وہ اس خون ریزی کو روکنے کی کوشش کیوں نہیں کرتے؟

اتوار کو سری نگر میں انڈین سکیورٹی فورسز اور مشتبہ عسکریت پسندوں کے درمیان لڑائی میں تین انڈین فوجی اور 13 عسکریت پسند افراد ہلاک ہوئے۔ ان ہلاکتوں کے بعد ہونے والی جھڑپوں میں چار شہری بھی مارے گئے جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوئے۔گوتم گھمبیر نے شاہد آفریدی کے کشمیر کی صورتحال پر تبصرے کو مسترد کر دیا۔انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ میڈیا مجھ سے ہمارے کشمیر اور اقوامِ متحدہ کے بارے میں شاہد آفریدی کی ٹویٹ پر ردِ عمل چاہتا ہے۔ کیا کہوں؟`انھوں نے ٹویٹ میں استہزائیہ انداز میں لکھا کہ شاہد آفریدی کی ڈکشنری میں شاید یو این کا مطلب انڈر نائنٹین ہے۔ جو ان کی عمر کی حد ہے۔انھوں نے میڈیا کو پر سکون رہنے کا کہتے ہوئے شاہد آفریدی کے بیان کو نو بال قرار دیا۔

اس مرتبہ آفریدی نے ایک اور ٹویٹ میں انڈین کرکٹ شائقین کے ساتھ اپنی ایک تصویر بھی پوسٹ کی۔انھوں نہ لکھا ہم سب کی عزت کرتے ہیں۔ اور یہ ایک کھلاڑی کی مثال ہے۔ لیکن جب بات انسانی حقوق کی آتی ہے تو ہم ایسا سلوک اپنے معصوم کشمیریوں کے ساتھ چاہتے ہیں۔شاہد آفریدی کے علاوہ سابق کرکٹر اور اب سیاستدان عمران خان نے بھی ایک ٹویٹ میں اقوامِ متحدہ سے اس معاملے میں دخل دینے کا مطالبہ کیا تھا۔کشمیر کے معاملے پر اکثر انڈین اور پاکستانیوں کی جانب سے شدید ردِ عمل ظاہر کیا جاتا ہے۔