3

مکہ مکرمہ سمیت سعودی عرب کے 5 علاقوں میں ہنگامی الرٹ

سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے مکہ مکرمہ، جدہ، ینبع، طائف اور تبوک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر ہنگامی الرٹ جاری کیا، تاہم کچھ دیر بعد حکام نے خطرہ ٹلنے کی تصدیق کردی۔

سعودی شہری دفاع کے مطابق قومی ابتدائی وارننگ پلیٹ فارم کے ذریعے شہریوں اور مقیم افراد کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کیا گیا تھا۔ حکام نے لوگوں کو سرکاری حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے، غیر ضروری طور پر ہجوم سے دور رہنے اور صورتحال کی ویڈیوز یا تصاویر بنانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔

حکام کی جانب سے جاری ابتدائی الرٹس میں خطرے کی نوعیت یا فوری وجہ واضح نہیں کی گئی تھی، تاہم یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

بعد ازاں سعودی شہری دفاع نے مکہ مکرمہ، طائف اور تبوک سمیت متاثرہ علاقوں کے لیے آل کلیئر جاری کرتے ہوئے کہا کہ خطرہ گزر چکا ہے، تاہم شہریوں اور رہائشیوں کو احتیاط اور سرکاری ہدایات پر عمل جاری رکھنے کی تاکید کی گئی۔

دوسری جانب سعودی قیادت میں اتحادی افواج کے ترجمان نے بتایا کہ سعودی فضائی دفاع نے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے چھ بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کردیا۔