3

ایشین گیمز ہاکی: پاکستان نے چین کو 3-0 سے شکست دے دی

ایشین گیمز ہاکی کے میچ میں پاکستان نے چین کو 3-0 سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔

پاکستان کی جانب سے کپتان ابوبکر سفیان خان اور حنان شاہد نے گول اسکور کیے، جبکہ تینوں گول دوسرے کوارٹر میں کیے گئے۔

اس کامیابی کے بعد پاکستان کے گروپ میں 9 پوائنٹس ہوگئے ہیں اور وہ دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ ملائیشیا بھی 9 پوائنٹس کے ساتھ بہتر گول اوسط کی بنیاد پر پہلے نمبر پر ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے ایشین گیمز میں تھائی لینڈ کو 9-0 اور ازبکستان کو 5-1 سے شکست دی تھی۔

چین کے خلاف میچ میں پاکستان کو فارورڈ رانا وحید اشرف کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔ انہیں ازبکستان کے خلاف میچ میں پیش آنے والے واقعے کے بعد ایک میچ کی معطلی کی سزا دی گئی تھی۔

رانا وحید اشرف کی عدم موجودگی کے باوجود قومی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے چین کے خلاف کامیابی حاصل کی اور گروپ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی۔