10

خیبر پختونخوا کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت میں سرمایہ کاری ناگزیر: گورنر فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوان صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں، تاہم بدقسمتی سے ماضی میں ان پر مطلوبہ سرمایہ کاری نہیں کی گئی۔ آنے والا دور آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت  کا ہے، جس میں نوجوانوں کی ترقی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انکیوبیشن سنٹر  پشاور کے دورے کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پراجیکٹ ڈائریکٹر این آئی سی عاصم اسحاق خان، کاروباری شخصیات اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر نے گورنر کو ادارے کی کارکردگی اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے تجویز دی کہ صوبے کے شمالی و جنوبی اضلاع میں بھی نیشنل انکیوبیشن سنٹرز قائم کیے جائیں اور ایک ایسی موبائل ایپ تیار کی جائے جو مقامی نوجوانوں کو کاروباری کمپنیوں سے جوڑ سکے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں چاروں صوبوں کی نسبت نوجوانوں کی آبادی کا تناسب سب سے زیادہ ہے، اس لیے صوبائی حکومت اور بینکوں کے درمیان مؤثر روابط قائم کرکے جدید آئی ٹی لیبارٹریز اور تربیت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ گورنر نے این آئی سی میں قائم مختلف اسٹارٹ اپس، سائبر سیکیورٹی اور اے آئی پر مبنی اسٹالز کا معائنہ کیا اور نوجوان انٹرپرینیورز کی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر انہیں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ جمہوریت میں سیاسی جماعتوں کو جلسے جلوسوں کا حق حاصل ہے، لیکن عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کو سیاسی سرگرمیوں کے بجائے صرف کھیلوں کے لیے مختص رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ برسوں کی محنت کے بعد مکمل ہونے والے کھیل کے میدانوں کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے اور سیاسی جلسوں کے لیے متبادل مقامات کا انتخاب کیا جانا چاہیے۔

سرکاری اداروں کی آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بالعموم اس کے حامی نہیں، تاہم اگر کسی ادارے کو بہتر بنانے کے لیے اچھی کمپنی ملے تو غور کیا جا سکتا ہے۔ ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست میں مثبت تنقید کو برداشت کرنا چاہیے، حال ہی میں ہونے والی ایک بارش نے لاہور اور پشاور کے انتظامی دعوؤں کا پول کھول دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا کام حکومت کے غلط فیصلوں کی نشاندہی کرنا ہے، جبکہ نواز شریف کے آزاد کشمیر سے متعلق حالیہ سیاسی مؤقف پر بھی سوالات جنم لے رہے ہیں جو کہ افسوس ناک ہے۔