3

نائب وزیراعظم اسحاق ڈارسے ایرانی وزیر خارجہ کی اہم ملاقات

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا اور پاکستان و ایران کے درمیان قریبی، برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے حالیہ علاقائی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن اور استحکام کے لیے تمام فریقین کے درمیان بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔

نائب وزیراعظم نے کشیدگی میں کمی، تحمل اور مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا ضروری ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں اسلام آباد ایم او یو کے تحت طے پانے والی مفاہمت پر مؤثر عملدرآمد اور دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔