3

پشاور ہائی کورٹ کا محکمہ اطلاعات کو بڑا حکم: میڈیا ملازمین اور 1200 ایکریڈیشن کارڈز کا ریکارڈ 3 دن میں طلب

پشاور: پشاور ہائی کورٹ نے صوبے میں صحافت کے شعبے میں جاری مبینہ بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ اطلاعات خیبر پختونخوا کو تمام اخبارات، نیوز چینلز اور ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کے ملازمین، تنخواہوں اور 1200 ایکریڈیشن کارڈز کی مکمل تفصیلات 3 دن کے اندر عدالت میں جمع کروانے کا سخت حکم جاری کر دیا ہے۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی موجودہ صورتحال پر ایک جامع رپورٹ طلب کی گئی ہے جبکہ ڈائریکٹوریٹ جنرل انفارمیشن اینڈ پی آرز نے تمام میڈیا اداروں کو فوری طور پر متعلقہ پروفارما پُر کر کے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ تمام ضلعی پریس کلبوں کے ممبران کی فہرست اور فری لانس صحافیوں کا مکمل ڈیٹا بھی عدالت کو فراہم کیا جائے گا۔ قانونی تقاضوں کے باوجود بیشتر میڈیا اداروں کی جانب سے سالوں سے ملازمین کی تجدید شدہ فہرستیں جمع نہ کروانے کے باعث صوبے میں جعلی اداروں اور "نام نہاد صحافیوں" کی بھرمار کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، اور اب تمام حلقوں کی نظریں ہائی کورٹ کے اس فیصلے پر مرکوز ہیں جو صحافت کے تقدس کی بحالی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔