2

آزاد کشمیر انتخابات ایک ہی دن کرائے جائیں، سردار یعقوب خان کا مطالبہ

مظفرآباد: سابق صدر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار یعقوب خان نے آزاد کشمیر میں انتخابات ایک ہی دن کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیٹ اور مواصلاتی سروسز کی بندش سے عوام اور بیرون ملک مقیم کشمیری متاثر ہوتے ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار یعقوب خان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر بیس کیمپ ہے، اس لیے انتخابات مرحلہ وار ہونے کے بجائے ایک ہی روز مکمل کیے جانے چاہئیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں انتخابی ماحول فراہم کیا جائے تاکہ سیاسی عمل شفاف انداز میں مکمل ہو سکے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مواصلاتی نظام کی بندش سے اوورسیز کشمیریوں اور ان کے اہل خانہ کو رابطوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے ایسی پابندیوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔

سردار یعقوب خان نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا تعلق دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے قیام پاکستان کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور وہ پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری پاکستان کی عزت اور وقار کا تحفظ چاہتے ہیں اور خطے میں سیاسی عمل کو مضبوط بنانے کے لیے شفاف انتخابات ضروری ہیں۔