3

اسحاق ڈار اور کایا کالاس کی ملاقات، اسٹریٹجک تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق

منیلا: پاکستان اور یورپی یونین نے باہمی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے اور اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں 33ویں آسیان ریجنل فورم کے موقع پر یورپی یونین کی خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور علاقائی تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کایا کالاس نے اپنے حالیہ دورہ اسلام آباد اور پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور کو خوش آئند قرار دیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی بات چیت کی اور اتفاق کیا کہ پائیدار امن و استحکام کے لیے سفارت کاری ہی مؤثر راستہ ہے۔

ملاقات میں امریکا اور ایران کی صورتحال کے تناظر میں علاقائی سلامتی، عالمی توانائی کی منڈیوں، سمندری سلامتی، تجارت اور سپلائی چینز پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

اسحاق ڈار نے جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت عالمی کنونشنز پر مؤثر عملدرآمد کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا پاکستان کی ترجیح ہے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔