1

پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت پر بڑا اقدام، اہم فیصلے متوقع

پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی تعلقات کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی تجارتی وفود کے درمیان اہم مذاکرات متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایرانی اعلیٰ سطحی تجارتی وفد اگست کے پہلے ہفتے میں پاکستان کا دورہ کرے گا، جس دوران اسلام آباد میں پاک ایران تجارت سے متعلق اہم اور فیصلہ کن مذاکرات ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں تین روزہ تجارتی اجلاس منعقد ہونے کا امکان ہے، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام دوطرفہ تجارت، اقتصادی تعاون اور تجارتی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے۔

مذاکرات میں کسٹمز معاملات، سرحدی تجارت، تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے اور کاروباری روابط بڑھانے سے متعلق تجاویز زیر غور آئیں گی۔

ذرائع کے مطابق اس اہم دورے سے پاک ایران تجارتی تعلقات میں مزید بہتری اور اقتصادی شراکت داری کو نئی سمت ملنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب وزارت خزانہ کے مطابق ایرانی نائب وزیر ٹرانسپورٹ مہران قربانی اور نائب وزیر اقتصادی امور مہدی دوستی نے وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی، جس میں پاک ایران اقتصادی تعاون، تجارت اور رابطوں کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں وزارت تجارت، ایف بی آر، ایس آئی ایف سی، اسٹیٹ بینک، پیٹرولیم، مواصلات اور ریلوے کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔ فریقین نے دوطرفہ اقتصادی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔