3

گوجرانوالہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت منہدم، 3 افراد زخمی

مسلسل بارش کے باعث کچے مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ گوجرانوالہ کی ظہیر کالونی میں پیش آیا، جہاں لکڑی اور مٹی سے بنی کمزور چھت اچانک زمین بوس ہوگئی۔

حادثے کے نتیجے میں مکان میں موجود 3 افراد زخمی ہوئے، جنہیں ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے نکالا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق مسلسل بارش کے باعث کچی اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔