مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس غلام مصطفیٰ مغل نے عام انتخابات تین مراحل میں کرانے کا اعلان کرتے ہوئے نیا انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے، جبکہ انتخابات ملتوی کرنے کے مطالبات مسترد کر دیے گئے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں پولنگ ہوگی، دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی نشستوں پر انتخابات کرائے جائیں گے، جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں ووٹنگ ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ ہر مرحلے کی پولنگ مکمل ہونے کے بعد اسی مرحلے کے غیر سرکاری اور سرکاری نتائج جاری کیے جائیں گے۔
جسٹس غلام مصطفیٰ مغل کا کہنا تھا کہ انتخابی شیڈول میں تبدیلی کا مقصد انتظامی امور کو بہتر بنانا، انتخابی تیاریوں کو مؤثر بنانا اور شفاف، منظم و پرامن پولنگ کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار انتخابات سے سکیورٹی انتظامات، انتخابی عملے کی تعیناتی اور پولنگ کے عمل کی نگرانی مزید بہتر انداز میں کی جا سکے گی۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریٹرننگ افسران، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ نئے شیڈول کے مطابق تمام تیاریاں مکمل کریں تاکہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔









